اسیروں کا اتحاد،دینی محاذ مسلم لیگ میں ضم

ڈاکٹر قاسم امیر اورمسرت عالم نائب امیر مقرر

رواں مزاحمتی تحریک کے دوران آج ایک اہم پیش رفت کے طور پرایّام اسیری کاٹ رہے دو تنظیموں کے سربراہان نے اتحاد کرتے ہوئے ایک ہی بینر تلے کام کرنے کا اعلان کیا ۔ مسلم دینی محاذحریت کانفرنس گ کی اکائی مسلم لیگ میں ضم ہوگئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ مسلم دینی محاذ کے سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم اورمسلم لیگ کے چئیرمین مسرت عالم بٹ بالترتیب مسلم لیگ کے امیر اور نائب امیر ہونگے۔واضح رہے کہ دونوں آزادی پسند لیڈران اس وقت جیل میں مقید ہیں ۔ ڈاکٹر محمد قاسم 16 سال سے عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور اس وقت سنٹرل جیل سرینگر میں نظر بند ہیں جبکہ مسرت عالم بٹ کومسلسل 7ویں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گذشتہ ہفتے سنٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔ڈاکٹر قاسم کو کو1992میں ایک کشمیری پنڈت ہردے ناتھ وانچو کو قتل کرنے کی سازش رچانے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ مسرت عالم بٹ پر رواں مزاحمتی تحریک کے دوران 14 مرتبہ پبلک سیفٹی ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا گیا اور ستمبر 2008سے وہ مسلسل ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔مسلم لیگ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں تنظیموں کے اتحاد کیلئے کافی مدت سے کوششیں جاری تھیں جو آخر کار جیل میں رنگ لائیں۔مسلم لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے گذشتہ بیس برسوں سے دی جارہی قربانیوں کا احساس اور قدر و قیمت مد نظر رکھ کر یہ اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت تھی ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حصول مقصد کیلئے ہم فکر شخصیات اور تنظیموں کو ایک ہی جگہ جمع کرنے کیلئے اور متحدہ طور کام کرنے کیلئے یہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔مسلم لیگ نے دونوں تنظیموں کے اتحاد کی تصدیق کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ نے کہا ہے کہ ”بھارت کی طویل ترین غلامی سے کشمیری قوم کو نجات دلانے کیلئے مسلم لیگ اور مسلم دینی محاذ کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا”۔بیان کے مطابق اجلاس میں طے پایا گیا کہ ‘یہ دونوں تنظیمیں آپس میں مدغم ہوکر مسلم لیگ کے نام پر ہی اپنی منزل کی جانب رواں ہونگی’۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد قاسم تنظیم کے امیر ہونگے اور مسرت عالم نائب امیرکے فرائض انجام دیں گے۔بیان کے مطابق مسلم لیگ کے محبوس جنرل سیکریٹری محمد یوسف میر بدستوراپنے عہدے پر فائز رہیں گے جبکہ عبدل احد پرہ کو اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اورماسٹر نذیر احمد سیکریٹری اطلاعات و نشریات کیلئے منتخب کئے گئے ہیں۔بیان کے مطابق اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور سیکریٹری اطلاعات و نشریات اپنے محبوس قائدین کی غیر موجودگی میں تنظیم کا نظم و نسق سنبھالیں گے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم کے قائم مقام چئیرمین فیروز احمد خان کو چیف آرگنائزر کے عہدے کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور حریت کانفرنس میں تنظیم کی نمائندگی کیلئے بھی ان کو ہی ذمہ دار بنایا گیا ہے۔جموں صوبہ کیلئے تنظیم نے سید شبیر احمد کو نگراں مقرر کیا ہے۔

2 Responses to اسیروں کا اتحاد،دینی محاذ مسلم لیگ میں ضم

  1. Suhail Yusuf نے کہا:

    My Dear Brother
    I am science journalist based in Pakistan. My Heart and soul are with the brothers and sisters of innocent,oppressed and marginalized Kashmir.
    We all the Pakistan are with you. I pray to ALLAH for your long life and power in expression.
    If you come to Karachi kindly stay at my home. I will love to see you.

  2. imtiyazkhan نے کہا:

    سہیل بھائی شکریہ
    کراچی ہی کیا ، پورا پاکستان دیکھنے کی تمنّا ہے۔بس اللہ چاہے تو۔۔۔۔۔

تبصرہ کریں