بچپن کےدودوست4سال میں300افرادکو روزگار دینے میں کامیاب

جموں کشمیر کی آبادی کو کورئیر سروس میں راحت پہنچانے کیلئے فاسٹ بیٹل (FastBeetle)نے2019میں ایک سٹارٹ اپ شروع کیا جو فی الوقت ایک ایسے مضبوط نیٹ ورک کے طور پر کام کرتا ہے جہاں صارفین کیلئے دوائیوں سے لیکر کوئی بھی پارسل منزل تک پہنچانے کی خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ مقامی طور پر بیٹلز کے نام سے مشہورفاسٹ بیٹل ( FastBeetle)ڈیجیٹل لاجسٹک پلیٹ فارم کو شروع کرنے میں شیخ سمیع اللہ اور عابد رشید لون نے لاجسٹک کے روایتی نظام میں انقلاب لانے کے ارادے کے ساتھ اکتوبر2019میں اپنی خدمات شروع کیں۔

شیخ سمیع اللہ نے ہریانہ کی کرک شیتر یونیورسٹی سے بی بی اے کیاہے اور ان کے بچپن کے دوست عابد رشید لون نے نئی دہلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ایم بی اے(آئی ٹی) کیا ہے۔ دونوں دوست 2018 میں الگ الگ کمپنیوں میں کام کر رہے تھے جب انہوں نے جموں کشمیر میں مقامی ترسیل کی ضروریات میں مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔اس سٹارٹ اپ نے مقامی طور پر چلنے والے آن لائن اور آف لائن کاروبار سے اپنی کورئیر سروس شروع کی ،جس کا صدر دفترنواب بازار سرینگر میں ہے۔ سرینگر میں چند ماہ قدم جمانے کے بعد دونوں دوستوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھااور اب بین الاقوامی ترسیل کیلئے فاسٹ بیٹل جموں و کشمیر کی سب سے قابل اعتماد اور تیز ترین لاجسٹکس کمپنی کے طور پر ابھری ہے۔اپنی سروس کو آرام دہ بنانے اور صارفین کو راحت پہنچانے کیلئے فاسٹ بیٹل نے ایک موبائل ایپ شروع کیا جس پر صارفین آسانی کے ساتھ سروس حاصل کرسکتے ہیں۔ موبائل ایپ کے ساتھ ساتھ ویب پلیٹ فارم پر مربوط ایک مضبوط سسٹم کے ساتھ بروقت پک اپ اور ڈیلیوری ہوتی ہے ۔فاسٹ بیٹل کے سی ای او اور شریک بانی شیخ سمیع اللہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کمپنی پورے ہندوستان اور بیرون ملک 19,000 پن کوڈز پر ان بانڈ اور آؤٹ بانڈ لاجسٹک خدمات فراہم کرتی ہے اور 800 سے زیادہ مائیکرو انٹرپرینیورز اور ایس ایم ایز کے ساتھ کام کرتی ہے، جن میں 60 فیصد خواتین چلاتی ہیں‘‘۔ فاسٹ بیٹل لاجسٹکس کے پاس جموں و کشمیر کے بڑے اضلاع میں گوداموں اور ترسیل کے مراکز کا ایک مضبوط نیٹ ورک ہے، جس میں لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالیہ توسیع بھی شامل ہے۔سمیع اللہ نے کہا ’’وادی بھر میں ہمارے15گودام(ویئر ہائوس) ہیں اور300ملازمین کام کررہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ہم نے ان علاقوں میں خدمات فراہم کررہے ہیں جہاں بڑی کمپنیوں کے ذریعہ سروس فراہم نہیں کی جاتی‘‘۔نہ صرف لاجسٹک سروس فراہم کرتی ہے بلکہ صارفین کو پیکج کی تیز تر فراہمی میں مدد کرتی ہے۔ کیا یہ مقامی کاروباروں اور چھوٹے پیمانے پر کاروباری افراد کے لیے ترقی اور بہبود کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سمیع اللہ کا کہنا ہے ’’ہمارا مقصد صرف کاروبار تک محدود نہیں ہے بلکہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانا ہے جو صارفین کو اپنی خدمات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ FastBeetle بہت زیادہ قابل اعتماد ماحول میں آپ کی کاروباری ضروریات کو پورا کرنے کا ایک گیٹ وے ہے۔فاسٹ بیٹل سماجی ادارے کی ایک بہترین مثال ہے جس کی ترقی کے فوائد کو پسماندہ علاقوں تک پہنچانے کیلئے بہت زیادہ ضرورت ہے۔فاسٹ بیٹل کے شریک بانی نے کہا’’ہم وادی سے مقامی ٹیلنٹ کی خدمات حاصل کرنے پر پرخوش ہیں ‘‘۔انہوں نے کہا کہ وہ پورے جموں و کشمیر میں قابل اعتماد لاجسٹک ضروریات کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے میں روزگار کے ساتھ ساتھ ایک سکون محسوس کررہے ہیں۔فاسٹ بیٹل خطے میں پہلی ایسی سرمایہ کاری میں سے ایک ہے جو سماجی اور اقتصادی دونوں طرح کے اثرات کے امکانات سے بھرپور ہے۔

تبصرہ کریں